ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی حکومت شعبۂ ادویات کیلئے مخصوص پالیسی وضع کرنے میں کامیاب:سدرامیا

ریاستی حکومت شعبۂ ادویات کیلئے مخصوص پالیسی وضع کرنے میں کامیاب:سدرامیا

Sun, 12 Feb 2017 10:59:13    S.O. News Service

بنگلورو،11؍فروری(ایس او نیوز) شعبۂ ادویات کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے اس شعبے کو ترقی دینے کیلئے ایک جامع ادویات پالیسی اپنائی ہے۔ یہ بات آج وزیراعلیٰ سدرامیا نے کہی۔ شہر کے ٹمکور روڈ پر انٹرنیشنل ایگزی بیشن سنٹر میں آج سے شروع ہوئے انڈیا فارما میلے کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے شعبۂ ادویات کو پروان چڑھانے اور اسے ترقی دینے کی طرف خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔اسی طرح میڈیکل آلات کی تیاری اور فروخت کے شعبے کو بھی بڑھاوا دینے کے مقصد سے ایک مخصوص ویژن گروپ قائم کیاگیا ہے۔ جس میں اس شعبے کے ماہرین شامل ہیں۔ ان ماہرین کی رہنمائی میں حکومت ادویات اور میڈیکل آلات کی صنعت وتجارت کو فروغ دینے اور عوام کو معیاری دواؤں کی فراہمی کے ساتھ طبی خدمات کے معیار کو بلند کرنے کیلئے قدم اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صنعتی اور معاشی پیش رفت کے اعتبار سے کرناٹک آج ملک میں سب سے آگے ہے۔ ریاست میں صنعت پرور ماحول کی وجہ سے سرمایہ کاری کوکافی بڑھاوا ملا ہے، اور اس میں حکومت کوکافی حد تک کامیابی بھی ملی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنوری تا نومبر 2016 ریاست میں 1.50لاکھ کروڑ روپیوں کی سرمایہ کاری کی گئی ، اس سرمایہ کاری سے مقررہ وقت میں تمام صنعتی اور تجارتی منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے حکومت نے جہاں اپنے طور پر قدم اٹھائے ہیں وہیں ان پراجکٹوں کو مکمل کرنے والی کمپنیوں کو بھرپور تعاون دیاجارہاہے۔ ملک کی اور بین اقوامی کمپنیوں کو کرناٹک میں سرمایہ کاری کیلئے سرخ قالین کا استقبال کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت ریاست میں 230ادویاتی اور بائیو ٹیکنالوجی کمپنیاں موجود ہیں۔ شعبۂ ادویات کی پیش رفت کے ساتھ ہی ملک سے دواؤں کے ایکسپورٹ کے حصہ میں کرناٹک کی حصہ داری بھی بڑھتی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ شعبۂ ادوایات کو مزید پروان چڑھانے کیلئے اس میں تحقیق وترویج کو بڑھاوا دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت اس کیلئے ہر طرح کا تعاون دینے تیار ہے۔ ملک میں فی الوقت 340 بائیو ٹیکنالوجی کمپنیاں ہیں جن میں سے 194 کرناٹک کی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک بھر میں اسپتالوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے، ان اسپتالوں میں دواؤں کی مانگوں کو پورا کرنے اور مریضوں کو معیاری دوائیں اور طبی آلات مہیا کرانے کیلئے کمپنیوں کو ہمہ وقت متحرک رہنا چاہئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مجموعی طور پر ملک نے صحت اور دواؤں کے شعبے میں غیر معمولی ترقی حاصل کی ہے۔ ملک کی ادوایاتی کمپنیوں نے اپنی دواؤں کے معیار کو بلند ترین برقرار رکھتے ہوئے بین الاقوامی شہرت حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز جیسے مہلک مرض کی تشخیص کیلئے جنرک دوا کی ایجاد کرکے ہندوستان نے طبی شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس دوا کو صنعتی شکل دے کر جلد از جلد اسے عام کرنے کی ضرورت ہے۔مرکزی حکومت کی طرف سے میک ان انڈیا منصوبے کے تحت بنگلور میں انڈیا فارما نمائش اور کانفرنس کے اہتمام کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے جو بہتر صنعتی پالیسی اپنائی گئی ہے اس وجہ سے اس کانفرنس کے بہتر نتائج نکلنے کی توقع ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر کیمیا وکھاد اننت کمار، مرکزی وزیر اعداد وپروگرامنگ سدانند گوڈا ، وزیر مملکت برائے صحت انوپریہ پٹیل ، وزیر مملکت برائے تجارت نرملا سیتا رامن ، وزیر مملکت برائے قومی شاہراہ وکیمیا منسک مانڈویا ریاستی وزیر صنعت آر وی دیش پانڈے ، وزیر صحت کے آر رمیش کمار، وزیر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل ودیگر موجود تھے۔


Share: